کراچی
وحيد علي
اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار نے کراچی کے علاقے صدر میں گزشتہ 30 سال سے قائم فٹ پاتھوں پر قبضے صرف ایک ہفتے کے اندر ختم کرا دیے۔ پیدل چلنے والے شہریوں نے پہلی بار صدر کے فٹ پاتھ دیکھے اور استعمال کیے، جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ تاہم صدر میں موجود فٹ پاتھ مافیا اس کارروائی سے سخت ناراض ہو گئی اور بالآخر ان سے اے سی صدر کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا۔
حازم بھنگوار کے مطابق انہیں اے سی صدر کا اضافی چارج دیا گیا تھا جو 10 دن بعد واپس لے لیا گیا ہے۔ اب وہ دوبارہ اے سی جنرل کے عہدے پر تعینات ہیں، جو ایک دفتری نوعیت کا عہدہ ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر میں چائے اور فاسٹ فوڈ سمیت مختلف کاروبار کرنے والے ڈی سی آفس، کے ایم سی اور ٹریفک پولیس کو کروڑوں روپے رشوت دیتے ہیں تاکہ وہ فٹ پاتھوں پر قبضے برقرار رکھ سکیں۔ ان کے سخت دباؤ کے باعث حاضم بھنگوار سے اسسٹنٹ کمشنر صدر کا چارج واپس لے لیا گیا ہے اور جلد ہی ایک بار پھر صدر کے فٹ پاتھوں پر قبضے شروع ہو جائیں گے۔