کراچی میں کسٹم نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں قائم گودام پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ گٹکا برآمد کرلیا۔
کسٹم انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی ٹیم نے کراچی میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک گودام پر چھاپہ مارا، اس دوران اسمگل شدہ بھارتی گٹکے کے 136 بیگز برآمد کرکے انہیں ضبط کرلیا گیا۔
کسٹم حکام کے مطابق ضبط کیے گئے گٹکے کے پیکٹس کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
یہ کارروائی ڈپٹی کلکٹر محمد رضا نقوی کی قیادت میں کلکٹر معین الدین وانی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
کسٹم حکام کے مطابق ضبط کیا گیا گٹکا سرکاری گودام میں منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
